تھیٹرز مالکان نے ڈراموں سے فحاشی ختم کرنے کی یقین دہانی کروا دی

08-01-2023

(لاہور نیوز) ڈراموں کو اقدار، ثقافت اور اخلاق سے ہم آہنگ کرنے کے معاملے پر لاہور کے تھیٹرز کی مینجمنٹ نے ضلعی انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔

کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت لاہور تھیٹرز کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں تھیٹرز سے متعلق شکایات و دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ انتظامیہ تھیٹرز کے فروغ کی خواہاں ہے۔ تھیٹرز زبان و ثقافت اور اقدار کی ترویج اور فروغ کا پلیٹ فارم ہیں۔ ان کا تحفظ کرینگے۔ تھیٹر سے بیہودہ ڈائیلاگ اور اقدار باختہ گانے و رقص پر تھیٹر مالک اور منیجر کیخلاف ایف آئی آر درج ہو گی۔ کمشنر لاہور نے ناقص کارکردگی و نامکمل معلومات پر سنسر کلرک شہزاد احمد کو سرنڈر کرنے کے احکام جاری کر دئیے۔ انہوں نے کہا کہ تنبیہ کے باوجود ایس او پیز سے انحراف کی صورت میں تھیٹر کو سربمہر کر دیا جائیگا۔