پٹرول قیمتوں میں اضافہ ظالمانہ ہے، تاجروں کا احتجاج کا اعلان

08-01-2023

(ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تاجروں کا ردعمل سامنے آگیا، احتجاج کا اعلان کر دیا۔

صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ حکومت جاتے ہوئے عوام پر ظلم کے پہاڑ گراتے جارہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اتنا زیادہ اضافہ کسی صورت قبول نہیں، حکومت فوری طور پر بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لے۔ اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ اگر قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیں گے، لگتا ہے حلقوں میں پچاس پچاس کروڑ کے فنڈز پٹرول اور بجلی کی قیمتوں سے پورے کئے جائیں گے، خدا کے لئے تمام ترقیاتی فنڈز پر پابندی لگا کر عوام کو ریلیف دیا جائے۔ اجمل بلوچ نے مزید کہا کہ عوام میں اب ادویات خریدنے کی بھی سکت نہیں رہی، ملک میں معاشی سرگرمیاں بالکل ماند پڑ گئی ہیں جس کا حکمرانوں کو احساس نہیں، ایسا نظام لایا جائے جس میں ایمان دار لوگوں پر مشتمل دس وزیروں کی کابینہ ہو۔ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری نے کہا کہ حکومت فی الفور بجلی و پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا ظالمانہ اضافہ واپس لے، واپس نہ لینے کی صورت میں ملک بھر میں احتجاج شروع کریں گے، حکومت مفت بجلی، گیس بند کرنے کی بجائے اپنے مفادات کیلئے دھڑا دھڑ قانون سازی کر رہی ہے، حکمرانوں کی عیاشیاں بڑھ رہی ہیں اور عوام کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہیں۔