سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کے خلاف درخواست پر حکومت پنجاب سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب

08-01-2023

(لاہور نیوز) سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے حکومت پنجاب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے ولید یاسین، خدیجہ وزیر اور مریم وزیر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی طرف سے سید معظم علی شاہ نے دلائل دئیے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ لاہور میں سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ 278 ایکڑ اراضی پر بنایا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے ابھی سے پلاٹ فروخت کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ وکیل نے بتایا کہ انفراسٹرکچر تعمیر کئے بغیر پلاٹوں کی فروخت غیر قانونی ہے۔ سیوریج، پانی کی سپلائی اور بجلی سمیت کسی سہولت پر کام نہیں کیا گیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت سی بی ڈی انتظامیہ کو انفراسٹرکچر تعمیر کرنے کا اور پلاٹوں کی فروخت سے روکنے کا حکم دے۔ عدالت نے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ کیخلاف درخواست پرحکومت پنجاب سمیت دیگر فریقین اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔