’ایک ہی بار مار دیا جائے‘: پٹرول کی قیمت بڑھنے پر عوام پھٹ پڑے

08-01-2023

(ویب ڈیسک) حکومت جاتے جاتے پٹرول بم گرا گئی، عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا۔

پٹرول مہنگا ہونے پر عوام پھٹ پڑے، شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غریب کہاں جائے، خودکشی کر لے کیا کرے؟ حکومت اپنی عیاشیاں ختم نہیں کر رہی اورعوام پر پٹرول بم گرا رہی ہے۔ عوام نے مہنگائی کم کرنے کی دہائی دیتے ہوئے کہا کہ غریب کہاں جائیں؟ مرجائیں! کس سے فریاد کریں؟ حکومت لوگوں کو خودکشی پر مجبور کر رہی ہے، عوام پر بوجھ ڈال دیا، جاتے جاتے اپنا خزانہ بھر کر جائیں گے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عوام کو ایک ہی مرتبہ مار دیا جائے، حکومت بتائے پٹرول بھروائیں، کھانا کھائیں یا بچوں کی سکول کی فیس دیں۔ عوام نے حکومت سے قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول مہنگا ہونے سے سب کچھ مہنگا ہوگا، غریبوں کیلئے حالات ناقابلِ برداشت ہیں، گزارا تو پہلے ہی انتہائی مشکل تھا۔