ایشیا کپ کے شیڈول پر پاکستان نے بڑے پن کا مظاہرہ کیا: چیئرمین پی سی بی

08-01-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ایشیاکپ کے شیڈول پر پاکستان نے بڑے پن کا مظاہرہ کیا، تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے ایسی باتوں کو نظرانداز کرنا ہوگا۔

ایک انٹرویو میں ذکا اشرف نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ کی جانب سے پہلے شیڈول کا اعلان کیا گیا جس پر ہم نے ایشو نہیں بنایا، چاہتے تو بہت کچھ کہہ سکتے تھے تاہم تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے ایسی باتوں کو نظرانداز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایشیاکپ شیڈول کے اعلان میں شاید ملکوں میں وقت کا فرق ہونے کی وجہ سے غلط فہمی ہوگئی، بہرحال ہم نے اس کو مسئلہ نہیں بنایا، ہمیں کوئی فرق بھی نہیں پڑا البتہ ٹرافی کی رونمائی کی اچھی تقریب ہوئی، جس میں سابق کرکٹرز بھی شریک ہوئے اور قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ ایشیاکپ کے شیڈول کا اعلان جے شاہ نے تقریب کے آغاز سے کچھ دیر قبل ٹوئٹ کردیا تھا جس پر انہیں شائقین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا تاہم بورڈ نے کوئی جواب باضابطہ نہیں دیا تھا۔ ایشیا کپ کا آغاز رواں ماہ 30 اگست سے ہوگا، افتتاحی میچ میں پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔