شہر کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار، لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ

08-01-2023

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، موسلادھار بارش سے شہر میں لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔

شہر کے مختلف علاقوں گڑھی شاہو، مال روڈ، ہال روڈ، لکشمی چوک، ایئرپورٹ، برکی روڈ، چونگی امرسدھو، کوٹ لکھپت میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس کے بعد شہر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ ایئرپورٹ کے علاقے میں 48.2، تاجپورہ میں 37 اور مغلپورہ میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اپرمال 29، جیل روڈ پر 1.25 ملی میٹر بارش ہوئی۔ ادھر تیز ہوا اور بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں لیسکو فیڈرز جواب دے گئے، موسلادھار بارش کے باعث شہر کے 140 سے زائد فیڈرز کی ٹرپنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث شہر کے کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ امامیہ کالونی، شاہدرہ، لاجپت روڈ، سبزی منڈی اور بادامی باغ میں شہریوں کو بجلی بندش کا سامنا کرنا پڑا، وسن پورا، راوی روڈ اور اندرون کے کئی علاقوں میں بھی بجلی بند ہو گئی، گلبرگ، والٹن روڈ، بیڈن روڈ، سبزہ زار، ہنجروال اور ستوکتلہ میں بھی مکینوں کو بجلی بندش کے باعث مشکلات درپیش ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوا کی رفتار 11 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، 7 اگست تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔