ہمارے والد ڈراموں میں ولن لیکن ہم بہن بھائیوں کے دوست تھے : دانش نواز

08-01-2023

(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکار اور ہدایت کار دانش نواز نے کہا ہے کہ ان کے بہن، بھائیوں اور والد کے درمیان عمر کے فرق کے باوجود بھی دوستی کا رشتہ قائم تھا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں دانش نے اپنے والد اور پاکستانی ڈراموں کے مایہ ناز اداکار فرید نواز کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ابو بہت مختلف تھے ، ڈراموں میں ولن آتے تھے لیکن وہ گھر میں بالکل دوستوں کی طرح تھے، ہم 3 بھائی اور بہن بالکل ایسے رہتے تھے کہ جیسے سب دوست ہوں، دونوں بھائیوں اور میری عمر کے درمیان فرق ہے لیکن دوستی بہت زیادہ ہے۔ دانش نواز نے کہا کہ ابو نے رکھا ہی دوستوں کی طرح ہے ۔ دانش کا کہنا تھا کہ باپ کی بہت ساری قربانیوں کے باوجود بھی بچے ماں سے زیادہ قریب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماں سے بچے اسی لیے اتنے قریب ہوتے ہیں کیونکہ سارا دن اسی کے ساتھ ہی گزارتے ہیں، باپ اپنے بچے کے مستقبل کو سنوارنے کے لیے اسکو سکول بھی بھیجتا ہے ، جم بھی بھیجتا ہے، باپ ایک رعب رکھتا ہے کہ بچہ کچھ بن جائے۔ دانش کا کہنا تھا کہ ہم آج جو کچھ بھی ہیں وہ اپنے والد کی بدولت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی لوگ ہمیں ہمارے والد کے نام سے ملتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ والد کے حوالے سے پہچانے جانے پر میں ہمیشہ شکر گزار ہوتا ہوں کہ اللہ نے ہمیں اتنی عزت دی۔ انہوں نے کہا کہ ابو نے جیتے جی تو ہمارے لیے بہت کچھ کیا لیکن ان کے جانے کے بعد بھی ان کے نام سے ہمیں عزت ملتی ہے، باپ کی کمی تو واقعی محسوس ہوتی ہے آج بھی کیونکہ ان کی نیکیوں کی وجہ سے ہی ہمیں سب کچھ  مل رہا ہے۔