ماہ جولائی کے دوران ملک بھر میں معمول سے 60 فیصد زیادہ بارشیں برسیں
08-01-2023
(لاہور نیوز) ماہ جولائی کے دوران معمول سے 60 فیصد زیادہ بارشیں برس گئیں، رواں ماہ کے دوران بھی بارشوں کا غیرمعمولی سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کردیا گیا، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں بھی اضافہ ممکن ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ عمومی طور پر ماہ جولائی کے دوران ملک میں اوسطاً 49ملی میٹر بارشیں برستی ہیں، اندازہ تھا کہ رواں سال کے دوران بھی ماہ جولائی کے دوران معمول کے مطابق ہی بارشیں برسیں گی لیکن صورت حال کافی مختلف رہی۔ محکمہ موسمیات کے اعدادوشمار کے مطابق گزرنے والے مہینے کے دوران اب تک 79 فیصد بارشیں برس چکی ہیں جو معمول سے 60 فیصدزیادہ رہیں، اگست کے دوران بھی کچھ ایسی ہی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ذرائع فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے کہا ہے کہ معمول سے زیادہ بارشیں برسنے کے باعث ملک بھر میں جانی اور مالی نقصانات کا تناسب بھی گزشتہ سال کی نسبت کافی زیادہ رہا، اب جبکہ اگست کے دوران بھی تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے تو مزید نقصانات کے خدشات کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا، یہ صورتحال دریاؤں میں پانی کے بہاؤ پر بھی اثر انداز ہوگی۔ موسم کے حوالے سے یہ عنصر بہرحال ہمیشہ موجود رہتا ہے کہ اِس کی ہلکی سی کروٹ بھی تمام پیش گوئیوں کو یکسر تبدیل کر سکتی ہے۔