چین نے مشکل وقت میں بھرپور ساتھ دیا جسے فراموش نہیں کریں گے: وزیر اعظم
07-31-2023
(لاہورنیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، دوسرے مرحلے میں سپیشل اکنامک زونز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، سی پیک کا دوسرا مرحلہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ سی پیک کی 10 سالہ تقریبات میں شرکت پر چین کے نائب وزیر اعظم کا شکر گزار ہوں، باجوڑ سانحہ کے باعث سی پیک کی تقریبات کو سادگی سے منا رہے ہیں، دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، آج کا دن دونوں کیلئے ایک یادگار دن ہے، چین اور پاکستان آئرن برادر ہیں، چین نے ترقی کا سفر ہمت اور لگن سے طے کیا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان منفرد دوستی کا آغاز ہوا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے چین اور پاکستان کی دوستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، صدر شی جن پنگ نے دورہ پاکستان کے موقع پر سی پیک کا تحفہ دیا، سی پیک کے بہت سے منصوبوں کو وقت سے پہلے مکمل کیا، چند منصوبوں پر ابھی بھی کام جاری ہے جو تکمیل کے مراحل میں ہے، توانائی بحران کو ختم کرنے میں سی پیک نے اہم کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کے بعد پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا، سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری ہوئی، لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع ملے، چینی قیادت نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دوستی کو نبھانے میں اہم کردار ادا کیا، چین اور پاکستان مل کر سی پیک کے ذریعے فاصلوں کو سمیٹ رہے ہیں، گوادر پورٹ آئندہ آنے والے دنوں میں مصروف ترین بندرگاہ ہوگی۔