ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی،پاکستانی ٹیم بھارت کب جائیگی ؟جانئے

07-31-2023

(ویب ڈیسک)پاکستان کی ہاکی ٹیم کل ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کیلئے عمر بھٹہ کی قیادت میں بھارت روانہ ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق ہیڈکوچ شہناز شیخ کو تاحال بھارتی ویزا جاری نہیں ہوسکا، ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی تین اگست سے بھارت کے شہر چنائی میں کھیلی جا رہی ہے، اس میں چھ ٹیمیں کوریا، جاپان، چین، ملائیشیا، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں شریک ہیں۔ لاہور میں چھ ہفتوں کے کیمپ میں پاکستانی ٹیم نے بھی اس ایونٹ کے لیے بھرپور تیاری کی ہے۔ کوچز ریحان بٹ اور محمد ثقلین کو یقین ہے کہ لڑکے اچھی پرفارمنس دیں گے۔ٹیم مینیجر عمر صابر کہتے ہیں کہ کھلاڑی کسی بھی ملک کے ایمبیسیڈر ہوتے ہیں، ہم نے اپنے کھلاڑیوں کو اچھے طریقے سے یہ سمجھا بھی دیا ہے۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے اب تک چھ ایونٹ ہوچکے ہیں، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں تین تین مرتبہ چیمپئن کا تاج اپنے سر پر سجا چکی ہیں، 2000 کے ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو مشترکہ چیمپئن قرار دیا گیا تھا۔ کوریا کی ٹیم اس بار دفاعی چیمپئن ہے۔