واسا کا بارشی پانی کے نکاس اور محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کرنے کا فیصلہ

07-31-2023

(لاہور نیوز) واسا نے بارشی پانی کے نکاس اور محفوظ بنانے کیلئے مزید اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

واسا نے شہر میں 10 واٹر ٹینکس کی تعمیر کے لئے حکومت کو استدعا کر دی۔ ایل ڈی اے اور واسا بجٹ میں واٹر ٹینکس منصوبے کو شامل کرنے کی استدعا کی گئی۔ ٹینکس کی تعمیر کے لئے واسا نے ایک ارب 84 کروڑ 20 لاکھ روپے کے فنڈز مانگے۔ 8واٹر ٹینکس ایک کروڑ گیلن پانی محفوظ رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔ واٹر ٹینکس کی تعمیر کے بعد شہر میں 8 نشیبی علاقوں کا خاتمہ ہو گا۔ قذافی سٹیڈیم، کریم پارک اور راوی روڈ پر واٹر ٹینک بنیں گے۔ ریلوے سٹیشن، راوی روڈ اور کوپر روڈ پر واٹر ٹینک بنایا جائے گا۔ واسا نے تاج پورہ بی بلاک میں 2 واٹر ٹینک تعمیر کرنے کی استدعا کی۔ واسا نے مون سون کے بعد ان ٹینکس کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایم ڈی واسا غفران احمد کا کہنا ہے کہ پلان کے تحت آئندہ مون سون سے قبل ہی واٹر ٹینک بنائیں گے۔ واٹر ٹینک کو اس طرح تیار کیا جائے گا کہ مون سون میں پانی جمع کر سکیں۔