میٹرو بس منصوبے کو یو ای ٹی کالا شاہ کاکو سے منسلک کرنے کا پلان تیار

07-31-2023

(لاہور نیوز) میٹرو بس منصوبے کو یو ای ٹی کالا شاہ کاکو سے منسلک کرنے کا پلان تیار کر لیا گیا، لاہور نیوز منصوبے کے تخمینے اور ڈیزائن کی تفصیلات سامنے لے آیا۔

تفصیلات کے مطابق میٹرو بس کی شاہدرہ سے کالا شاہ کاکو تک 12.5 کلومیٹر توسیع کی جائے گی، گجومتہ سے چلنے والی میٹرو بس کو یو ای ٹی کالا شاہ کاکو کیمپس سے منسلک کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں شاہدرہ سے کالا شاہ کاکو ٹال پلازہ تک 8.7 کلومیٹر توسیع ہو گی جبکہ دوسرے مرحلے میں کالا شاہ کاکو ٹال پلازہ سے یو ای ٹی کیمپس تک 3.8 کلومیٹر توسیع کی جائے گی۔ میٹرو بس کا کوریڈور 8.2  میٹر جبکہ سٹیشن پر کوریڈور 15.6 میٹر چوڑا ہوگا، توسیعی منصوبے میں ٹال پلازہ تک 8 اور نواں سٹیشن یو ای ٹی کیمپس کے قریب ہوگا، میٹرو بس توسیع کے کوریڈور پر دو انڈر پاسز بھی تعمیر کیے جائیں گے، انڈر پاسز کی تعمیر کے لیے 2 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ میٹرو بس کی توسیع کے لئے 11 ارب 73 کروڑ 60 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، میٹرو بس توسیع کوریڈور پر ایک کلومیٹر کی  اوسط لاگت 93 کروڑ 88 لاکھ 80 ہزار روپے آئے گی، پنجاب حکومت نے میٹرو بس توسیع کی ذمہ داری ایل ڈی اے کو تفویض کر دی ہے۔