پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی برقرار، دریائے راوی میں صورتحال انڈر کنٹرول

07-30-2023

(لاہور نیوز) پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کے باوجود شاہدرہ کے مقام پر دریائے راوی پرسکون ہے، شاہدرہ کے مقام سے 34ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے مگر حالات قابو میں ہیں، پانی کی رفتار میں تیزی دریائے راوی کے ماضی کی یادضروردلا رہی ہے۔

شدید بارشوں اور بھارت کی طرف سے پانی چھوڑے جانے کے بعد پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی برقرار ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق  دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بلوکی کے مقام پر دریائے راوی سے 74ہزار 70 کیوسک پانی کا ریلاگزر رہا ہے جبکہ اخراج 58 ہزار 870 کیوسک ہے،سدھنائی کے مقام پر 44 ہزار805 کیوسک پانی کا ریلا جاری ہے اور اخراج  33 ہزار 955 کیوسک ہے جبکہ شاہدرہ کے مقام پرپانی کا بہاؤ  نارمل ہے، شاہدرہ سے 34 ہزار 308 کیوسک پانی  کا ریلا گزر رہا اور اخراج بھی 34 ہزار 308 کیو سک ہی  ہے۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ راوی میں صورت کنٹرول میں ہے، کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ ادھر پی ڈی ایم اے نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے دریائے راوی کے اطراف میں دفعہ 144نافذ کر رکھی ہے اور کشتی رانی سمیت ہر طرح کی تفریحی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔