نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا سول سیکرٹریٹ کا دورہ، تعمیراتی کاموں کا جائزہ

07-30-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سول سیکرٹریٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور سول سیکرٹریٹ کے مختلف شعبوں میں جاری تعمیراتی کاموں کاجائزہ لیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ چیف سیکرٹری نے مختصر عرصے میں سول سیکرٹریٹ کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کے سلسلے میں شاندار اور مثالی اقدامات کئے ہیں، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کے سول سیکرٹریٹ کے لئے قابل قدر اقدامات لائق تحسین ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ داخلہ کی زیر تعمیر عمارت کا بھی معائنہ کیا، محسن نقوی نے سول سیکرٹریٹ میں جاری تعمیراتی کاموں میں اعلی معیار کو سراہا اور تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے جاری تعمیراتی کاموں اور تزئین و آرائش کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریف کیا۔  چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔