سکیورٹی اداروں نے محرم کو پرامن بنانے میں بہترین کردار ادا کیا، محسن نقوی

07-29-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے سکیورٹی اداروں نے محرم کو پرامن بنانے میں بہترین کردار ادا کیا۔

محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بغیر کسی لڑائی جھگڑے کے تمام مجالس اختتام پذیر ہوئیں۔ پرامن انعقاد پر علما اور مکاتب فکر کے افراد کے شکر گزار ہیں۔ چند مقامات پر موبائل سروسز بند کی گئیں۔ مکمل ٹیم ورک سے پرامن اور بہترین نتائج حاصل کیے۔ یوم عاشور پر اندرون لاہور نثار حویلی سے برآمد ہونیوالا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ نگران وزیر اعلی اور صوبائی و ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران اپنے ہزاروں ماتحتوں کے ساتھ دن بھر جلوسوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے فیلڈ میں سرگرم رہے، جلوسوں کی فضا سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی نگرانی کی گئی جبکہ مرکزی جلوس اور  دیگر جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے جلوسوں کے روٹس پر ہزاروں پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی جلوسوں کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لیے شہر کا فضائی دورہ کیا، اس کے علاوہ محسن نقوی نے شہر کی مختلف امام بارگاہوں کے دورے بھی کیے اور وہاں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 6 ڈی ایس پی، 110 ٹریفک انسپکٹرز، 140 پٹرولنگ افسران اور ایک ہزار 390 وارڈنز تعینات کیے گئے تھے، ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے روٹ دن بھر کلیئر رکھا گیا، وارڈنز کو ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد اور لاوارث چیزوں پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔