یوم عاشور کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر

07-29-2023

(لاہور نیوز) یوم عاشور پر اندرون لاہور نثار حویلی سے برآمد ہونیوالا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔

جلوس کے دوران شرکا نے نماز ظہرین سنہری مسجد میں ادا کی جبکہ نماز مغربین بھاٹی گیٹ کے قریب ادا کی گئی، جلوس کے روٹ میں کشمیری بازار، مسجد وزیر خان، رنگ محل، پانی والا تالاب، بازار حکیماں، ٹکسالی اور بھاٹی گیٹ شامل تھے۔ نگراں وزیر اعلی اور صوبائی و ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران اپنے ہزاروں ماتحتوں کے ساتھ دن بھر جلوسوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے فیلڈ میں سرگرم رہے، جلوسوں کی فضا سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی نگرانی کی گئی جبکہ مرکزی جلوس اور  دیگر جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے جلوسوں کے روٹس پر ہزاروں پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی جلوسوں کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لیے شہر کا فضائی دورہ کیا، اس کے علاوہ محسن نقوی نے شہر کی مختلف امام بارگاہوں کے دورے بھی کیے اور وہاں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 6 ڈی ایس پی، 110 ٹریفک انسپکٹرز، 140 پٹرولنگ افسران اور ایک ہزار 390 وارڈنز تعینات کیے گئے تھے، ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے روٹ دن بھر کلیئر رکھا گیا، وارڈنز کو ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد اور لاوارث چیزوں پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ لاہور میں مرکزی جلوس کے روٹ کے اطراف ڈبل سواری پر  مکمل پابندی عائد رہی، جلوس کے روٹ پر کوئی گاڑی، موٹر سائیکل نہیں آنے دی گئی۔ جلوس کے راستوں پر لنگر، دودھ، شربت اور سادہ پانی کی سبیلوں کا بھی کثرت کے ساتھ اہتمام کیا گیا تھا، جلوس کے راستوں پر لنگر تقسیم کرنے اور عزاداروں کو پانی پلانے کا سلسلہ دن بھر جاری رہا، جلوس میں کسی حادثہ یا ہیلتھ ایمرجنسی کے خدشے کے پیش نظر فوری طبی امداد کے لئے رضاکار تنظیموں کے ساتھ ریسکیو اہلکار بھی موجود رہے۔