لاہور کے جنرل ہسپتال میں زیر علاج تشدد کا شکار بچی رضوانہ کی صحت پھر بگڑنے لگی

07-29-2023

(لاہور نیوز) تشدد کا شکار سرگودھا کی رہائشی رضوانہ کی صحت بہتر ہونے کے بعد پھر بگڑنے لگی۔ رضوانہ کو جبڑے کا فریکچر بھی تشخیص ہو گیا۔

رضوانہ گزشتہ 6 روز سے لاہور کے جنرل ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ بچی کی صحت کچھ بہتر ضرور ہوئی تھی تاہم اس کے باوجود اس کا انفیکشن ریٹ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔ جمعہ کے روز رضوانہ کا آکسیجن لیول اچانک کم ہو گیا جس کے بعد مصنوعی آکسیجن کے ذریعے سانس کو بحال رکھا گیا۔ میڈیکل بورڈ کے ذرائع کے مطابق رضوانہ کو جبڑے کا فریکچر بھی تشخیص ہو گیا جس میں انفیکشن بڑھ چکا ہے۔ جسم میں جگہ جگہ زخم ہونے کے باعث وائٹ بلڈ سیل کی تعداد نارمل سے کافی زیادہ ہے۔ میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر جودت سلیم  نے کہا ہے کہ رضوانہ کو جسم سے انفیکشن ختم کرنے کے لیے ادویات دی جا رہی ہیں۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کے مطابق رضوانہ کو خون میں آکسیجن کم ہونے پر آکسیجن لگائی گئی۔ ذرائع کے مطابق رضوانہ کی صحت کے حوالے سے آئندہ 48 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔