موسلادھار بارش کے باعث ٹرینیں تاخیر کا شکار، مسافر پریشان
07-29-2023
(ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہر میں جاری بارش کے باعث ٹرینیں تاخیر کا شکار ہو گئیں جس کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ریلوے ترجمان کے مطابق خراب موسم کے باعث لاہور اور فیصل آباد سے کراچی جانے والی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قراقرم ایکسپریس لاہور سے کراچی کیلئے سہ پہر3 بجے روانہ ہونا تھی مگر اب شیڈول میں تبدیلی کے باعث رات11 بجکر 15منٹ پر جبکہ بزنس ایکسپریس لاہور سے کراچی کیلئے سہ پہر4 بجے کی بجائے رات 8 بجکر 25منٹ پرروانہ ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملت ایکسپریس فیصل آباد سے کراچی کیلئے سہ پہر4 بجے کی بجائے رات 10 بجکر10 منٹ پرروانہ ہوگی، باقی تمام ٹرینیں اپنےمقررہ اوقات کار کے مطابق رواں دواں ہیں۔