محکمہ موسمیات کی مون سون بارشوں میں مزید شدت کی پیشگوئی

07-29-2023

(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے جاری مون سون بارشوں میں مزید شدت کی پیشگوئی کی ہے۔

لاہور میں رات سے ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، گھنٹوں ہونے والی بارش کے باعث شہر کی مختلف سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، شہریوں کو آمد ورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ لاہور میں سب سے زیادہ بارش گلشن راوی میں 155 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، شدید بارش کی وجہ سے لیسکو کے 120 فیڈرز ٹرپ کر گئے، ان پر کام جاری ہے  جبکہ لیسکو انتظامیہ کی جانب سے متعدد فیڈرز پر بجلی بحال کر دی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں یکم اگست تک طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے، دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مون سون کی بارشوں میں مزید شدت آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی لہریں ملک کے بالائی اور وسطی حصوں پر اثر انداز ہو رہی ہیں، 30 جولائی تک لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مزید بارشوں کی توقع ظاہر کی گئی ہے، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت کئی شہروں کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے محکمہ پی ڈی ایم اے نے شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔