یوم عاشور پر لاہور سمیت صوبہ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات

07-29-2023

(لاہور نیوز) یوم عاشورہ پر پنجاب پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں مختلف جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پر مجموعی طور پر ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، لاہور میں 15ہزار سے زائد افسران و اہلکار مرکزی جلوس اور مجالس کی سکیورٹی یقینی بنا رہے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں نکالے جانے والے جلوسوں میں سادہ لباس میں کمانڈوز جبکہ روٹس پر آنے والی چھتوں پر سنائپرز بھی  تعینات کیے گئے ہیں، ڈی سی آفس میں 10 ویں محرم الحرام کے جلوسوں کی نگرانی کی جارہی ہے، مجالس اور ماتمی جلوسوں کے روٹس پر 1 ہزار498 کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز حیدر ناصر رضوی نے بھی شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا، انہوں نے اندرون لاہور میں نکالے جانے والے مرکزی جلوس کا بھی معائنہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، ڈی آئی جی آپریشنز نےجلوس کے انٹری پوائنٹس پر عزاداروں کی سکیورٹی چیکنگ کے عمل کا معائنہ کیا اور سینئر آفسران کوجلوسوں کی سکیورٹی الرٹ رکھنے کی ہدایت کی۔