آئی سی سی نے مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کیلئے تاریخوں کا اعلان کر دیا

07-29-2023

(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اگلے مینز ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے تاریخوں کا اعلان کر دیا۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے تاریخیں سامنے آگئی ہیں، جو 4 تا 30 جون تک 10 مقامات پر کھیلا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کی ٹیم نے رواں ہفتے کچھ مقامات کو شارٹ لسٹ کیا ہے، امریکا میں فلوریڈا، ڈیلیس، نیویارک اور موریس ول میں ورلڈ کپ میچز ہوں گے، امریکا میں موریس ول، ڈیلیس اور نیویارک کو تاحال انٹرنیشل کرکٹ وینیو کا درجہ حاصل نہیں ہے تاہم موریس ول اور ڈیلیس میجر لیگ کرکٹ کے افتتاحی ایڈیشن کی میزبانی کر رہے ہیں۔ آئی سی سی وفد کی کرکٹ ویسٹ انڈیز اور امریکی بورڈ حکام سے ملاقات کے بعد چند مہینوں میں مشاورت سے وینیوز کے نام فائنل کئے جائیں گے۔ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گے، یہ پہلے سے مختلف فارمیٹ ہوگا، پہلے راؤنڈ میں ٹیموں کو 5، 5 کے چار گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ کی 2 ٹاپ ٹیمیں سپر 8 راؤنڈ کیلئے دو گروپس میں تقسیم کی جائیں گی۔ رپورٹ کے مطابق سپر 8 کے دونوں گروپس کی 2، 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ قبل ازیں خبریں سامنے آئیں تھی کہ انفراسٹرکچر کی کمی کے سبب ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کو امریکا سے منتقل کئے جانے کا امکان ہے۔