وزیراعلیٰ محسن نقوی کا یوم عاشور کے جلوسوں کے روٹس سے پانی کی فوری نکاسی کا حکم

07-29-2023

(لاہور نیوز) عاشورہ پر لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بارشیں، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر واساز، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے یوم عاشور کے جلوسوں کے روٹس اور نشیبی علاقوں سے پانی کے فوری نکاس کا حکم دے دیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ  جلوسوں کے روٹس پر پانی کی جلد از جلد نکاسی یقینی بنائی جائے، نکاسی آب کیلئے تمام وسائل اور مشینری استعمال میں لائی جائے ، ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تاکہ عزاداروں اور شہریوں کی مشکلات کا بروقت ازالہ ہو سکے ۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے افسران کو نکاسی آب کا کام مکمل ہونے تک فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موثر مینجمنٹ کے ذریعے ٹریفک کو رواں دواں رکھا جائے۔