بابو سر ٹاپ ٹریفک حادثہ:وزیر اعلیٰ پنجاب کا انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس
07-28-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بابو سر ٹاپ پر ٹریفک حادثے میں ساہیوال کے ایک ہی خاندان کے 8 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بابوسرٹاپ پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتا ہوں، حادثے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ المناک ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج ہوا ہے، دعا ہے اللہ پاک جاں بحق ہونے والے افراد کو جنت میں اعلیٰ مقام دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ خیال رہے بابوسر کے قریب سیاحوں سے بھری وین کھائی میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد موقع پر جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے تھے، ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی،حادثے کے زخمیوں کو چلاس جبکہ لاشوں کوناران کے اسپتال میں منتقل کردیا گیا۔ ریسکیو حکام نے مزید بتایا ہے کہ زخمیوں میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔