واسا کا ایل ڈی اے سے مختلف فیسوں میں شیئر لینے کا فیصلہ

07-28-2023

(لاہور نیوز) معاشی بحران کا شکار واسا نے محصولات بڑھانے کا ایک اور پلان بنا لیا، واسا نے اپنے ہی ڈیپارٹمنٹ ایل ڈی اے سے فیسیں وصول کرنے کی حکمت عملی بنا لی، واسا نے ایل ڈی اے سے مختلف فیسوں میں شیئر لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق واسا ایل ڈی اے سکیموں سے بھی  ایکوا فائر چارجز  وصول کرے گا، واسا کی جانب سے ایل ڈی اے سے شیئر وصولی کے لیے ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی سے  استدعا کی جائے گی، واسا نے گورننگ باڈی میں پیش کرنے کے لیے ورکنگ پیپر تیار کر لیا ہے۔ واسا انتظامیہ کی جانب سے کمرشل فیس کی  مد میں آنے والی رقم کا کچھ حصہ واسا کو دینے  کا تقاضا کیا جائے گا، شہر میں ایل ڈی اے سکیموں میں واٹر سپلائی  اور سیوریج کا ٹیرف بڑھانے کی بھی استدعا کی جائے گی۔ ایل ڈی اے سکیموں سے نئے ٹیرف کے مطابق بل وصول کرنے سے واسا کو سالانہ ایک ارب 20 کروڑ روپے کا ریونیو حاصل ہوگا۔