لاہور میں 9ویں محرم الحرام کے جلوس رواں دواں، سکیورٹی کے سخت انتظامات
07-28-2023
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں نویں محرم الحرام کے جلوس اپنے روایتی راستوں کی جانب رواں دواں ہیں، جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
پانڈو سٹریٹ عزاخانہ امام بارگاہ سے برآمد ہونے والے ماتمی جلوس میں ہزاروں افراد شریک ہیں، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ ماتمی جلوس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی ہے اور توقع ہے کہ وہ رات 12 بجے تک اپنی منزل پر اختتام پذیر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پانڈو سٹریٹ پر 4 ہزار 700 پولیس افسران و اہلکار فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ متعدد عمارتوں پر سنائپرز کے ساتھ پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ سٹی پولیس کے 9 اور 10 محرم الحرام کے لیے حفاظتی انتظامات مکمل ہیں، تمام جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جارہی ہے جبکہ ڈبل سواری پر پابندی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نےمزید کہا کہ جلوسوں کی سیف سٹیز کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جارہی ہے، فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے، ڈولفن سکواڈ اور پولیس رسپانس یونٹ کی ٹیمیں ہر وقت راستوں کے نزدیکی علاقوں میں گشت کرتی رہیں گی۔