پنجاب حکومت نے ترقیاتی کاموں کیلئے خزانے کے منہ کھول دیے

07-28-2023

(لاہور نیوز) ترقیاتی کام کروانے کے لیے پنجاب حکومت نے خزانے کے منہ کھول دیئے، شہرِ لاہور میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیج دے دیا گیا۔

ترقیاتی کاموں کے ذریعے عام انتخابات کی تیاریوں کا آغاز ہو گیا، شہر کے قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کی تیاری کر لی گئی، مسلم لیگ ن کے کمزور انتخابی  حلقوں میں فنڈز کی بارش کردی گئی، پنجاب حکومت اور ایل ڈی اے کے ذاتی وسائل سے فنڈز خرچ کیے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے شہر لاہور کے گلی محلوں کو لش پش بنانے کا پلان بنا لیا گیا، پنجاب حکومت نے لاہور میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیج دے دیا،شہر کے مختلف انتخابی حلقوں میں 60 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دے دی گئی۔  ایل ڈی اے کو 6 ارب 39 کروڑ 50 لاکھ روپے کا ترقیاتی پیکیج دیا گیا ہے، بی آر بی کینال، ہڈیارہ ڈرین سے برکی روڈ اور ہیئر پنڈ میں ترقیاتی کام ہونگے، اٹاری سروبہ، شمع  کالونی، عمر پارک ،یوسف ٹاؤن اور صوفی  آباد کی ملحقہ آبادیوں میں بھی    کام کرائے جائیں گے۔  غوثیہ کالونی، یو سی 133، یو سی 162، یو سی 163 اور دیگر یوسیز میں بھی  ترقیاتی  کام ہونگے، گلی محلوں میں پی سی سی، واٹر سپلائی  اور ڈرینیج کے  کام کیے جائیں گے، ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 60 ترقیاتی کام کرنے کی ذمہ داری ایل ڈی اے کو تفویض کردی۔