نگران پنجاب حکومت نے بم ڈسپوزل سکواڈ کو جدید ترین گاڑیوں سے لیس کردیا

07-28-2023

(لاہور نیوز) نگران پنجاب حکومت کا صوبے کے عوام کی جان و مال کے تحفظ اور تخریبی سرگرمیوں کے بروقت سد باب کیلئے اہم اقدام، نگران پنجاب حکومت نے بم ڈسپوزل سکواڈ کو جدید ترین گاڑیوں سے لیس کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق 16 کروڑ27 لاکھ روپے مالیت کی 16 نئی بم ڈسپوزل رسپانس گاڑیاں اورجدید آلات بم ڈسپوزل سکواڈ کے سپرد کر دیئے گئے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سول سیکرٹریٹ میں نئی بم ڈسپوزل رسپانس گاڑیاں 16 اضلاع کے بم ڈسپوزل کمانڈرز کے حوالے کیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نئی بم ڈسپوزل رسپانس گاڑیوں کا معائنہ کیا اور جدید آلات دیکھے، محسن نقوی نے بم ڈسپوزل سکواڈ کو جدید آلات سے لیس کرنے کے اقدام کو سراہا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ  موجودہ حالات میں سول ڈیفنس کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے، جدید سہولتوں اور آلات سے لیس گاڑیوں سے بم ڈسپوزل سکواڈ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو گا، بم ڈسپوزل سکواڈ کیلئے جدید آلات کی ٹریننگ کا اہتمام بھی کیا جائے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی بم ڈسپوزل رسپانس گاڑیاں بھکر، چنیوٹ، گجرات، حافظ آباد، جہلم، خانیوال، خوشاب، لیہ،منڈی بہاؤالدین، مظفر گڑھ، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، پاکپتن، شیخوپورہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور وہاڑی کے اضلاع کو دی گئی ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر سول ڈیفنس اور محکمہ داخلہ کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔