یوم عاشورہ: شہر میں برآمد ہونیوالے پانچ بڑے جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات مکمل

07-27-2023

(لاہور نیوز) یوم عاشورہ پر شہر میں برآمد ہونیوالے پانچ بڑے جلوسوں کی سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات مکمل کر لئے گئے، پولیس کے 13 ہزار جوان فرائض سرانجام دیں گے۔

یوم عاشورہ پر صوبائی دارالخلافہ لاہور میں پانچ مرکزی  جلوس برآمد ہوں گے، پانڈو سٹریٹ، اندرون لاہور، شادمان، ٹھوکر نیاز بیگ اور ماڈل ٹاؤن جلوس کے روٹس پر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جلوس کی مانیٹرنگ کے لیے 1 ہزار 1 سو 98 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ پولیس کے 13 ہزار جوان سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ جلوس روٹس پر 174 لیڈیز سرچ کیبن، 200 سول ڈیفنس اہلکار بھی موجود ہوں گے، جلوسوں کے مرکزی راستوں پر 292 سیکورٹی گیٹ نصب کئے گئے ہیں،55  ایمبولینسز ، 300 موٹر سائیکل ایمبولینسز،26  فائر بریگیڈ گاڑیاں، 7 ریسکیو گاڑیاں بھی جلوسوں کے ہمراہ ہوں گی۔ ایم سی ایل  پیچ ورک، لائٹنگ کی تنصیب کا ذمہ دار ہو گا، واسا جلوس روٹس پر کیمپ  قائم کرے گا اور ڈی واٹرنگ مشینیں نصب کرے گا۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ یوم عاشورہ کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، محکمہ ہیلتھ  کی جانب سے جلوس کے روٹس پر عارضی ہسپتال قائم کیا جائے گا۔