پانی چوری کا خاتمہ: محکمہ آبپاشی نے مہم کے اعداد و شمار جاری کر دیئے
07-27-2023
(لاہور نیوز) محکمہ آبپاشی پنجاب نے پانی چوری کے خاتمے کی مہم کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔
محکمہ آبپاشی پنجاب کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2023ء میں اس مہم کے دوران اب تک 10 ہزار 237 ترمیم شدہ موگوں کی مرمت کر کے ان کو ان کے اصلی سائز پر بحال کیا گیا۔ ترجمان محکمہ آبپاشی کے مطابق اسی دوران مجموعی طور پر پانی چوری کے 10 ہزار 145 واقعات کی نشاندہی کی گئی، دن رات جاری رہنے والی اس مہم کے دوران 6221 پانی چوری کے واقعات پولیس کو رپورٹ کئے گئے اور 61 گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں۔ اس سال پانی چوری کے ارتکاب پر صوبے بھر میں 34 لاکھ سے زائد کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا، ترجمان محکمہ آبپاشی کے مطابق پانی چوری کا خاتمہ ٹیلوں تک پانی کی رسائی اور پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے ازحد ضروری ہے۔