وزیراعلیٰ محسن نقوی کا اندرون لاہور کا دورہ، عاشورہ جلوس انتظامات کا جائزہ

07-27-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اندرون لاہور کا دورہ کیا اور یوم عاشورہ کے جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے سکیورٹی انتظامات پر وزیراعلیٰ کو بریف کیا، دوران بریفنگ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ 9 اور 10 محرم الحرام کے جلوس پر 15 ہزار جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے، زائرین کو پانچ جگہ چیکنگ کے بعد جلوس میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ دوران بریفنگ مزید بتایا گیا کہ نفری کو دو وقت کا کھانا دیا جائے گا، کھانا پولیس کے اعلیٰ افسران چیک کریں گے، جلوس کے روٹ پر 900 سکیورٹی کیمرہ لگائے جائیں گے، شہر میں مجموعی طور پر 9 ویں اور 10 ویں محرم پر 2100 کیمرہ لگائے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کرشن نگر اور موچی دروازے میں بارش کا پانی نہیں ہونا چاہیے، زائرین کو صاف پانی کی سہولت دی جائے۔