ایل ڈی اے نے پراپرٹی کی سالانہ و مستقل کمرشل فیسیں بڑھا دیں
07-27-2023
(لاہور نیوز) کاروباری برداری اور کمرشل سرگرمیاں کرنے والوں پر مہنگائی بم گرا دیا گیا، ایل ڈی اے نے پراپرٹی کی سالانہ و مستقل کمرشل فیسوں کی مد میں اضافہ کر دیا۔
کنسٹرکشن انڈسٹری کو فروغ دینے کی دعویدار حکومت نے تعمیرات کرنا مشکل بنا دیا، حکومت نے پہلے کنسٹرکشن مٹیریل کی قیمتوں میں اضافہ کیا پھر ڈیوٹی بڑھا دی، پلاٹوں کی ٹرانسفر فیس میں بھی اضافہ کر دیا گیا، زمین کے انتقال کی فیسوں میں اضافے کے بعد ٹاؤن پلاننگ کی فیسیں بھی بڑھا دی گئیں،ایل ڈی اے نے گھر بنانے کی منظوری کا عمل بھی مہنگا کر دیا۔ اب کاروباری برداری اور کمرشل سرگرمیاں کرنے والوں پر بھی مہنگائی بم گرا دیا گیا ہے، نئے مالی سال میں ڈی سی ریٹ میں اضافے کے سبب پراپرٹی کی کمرشل فیس بھی بڑھ گئی ہے، ایل ڈی اے نے سالانہ و مستقل کمرشل فیسوں کی مد میں اضافہ کر دیا ہے، ڈی سی ریٹ میں اضافہ ہونے کی وجہ سے کمرشل فیس کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ ایل ڈی اے نے نئے مالی سال میں نئے ریٹ کے مطابق چالان جاری کرنا شروع کر دیئے ہیں، کمرشل فیس میں اضافے کی وجہ سے لوگوں نے املاک کمرشل کروانے کے لیے ایل ڈی اے سے رجوع کرنا چھوڑ دیا ہے، سالانہ و مستقل کمرشل فیس میں ہوش رُبا اضافہ ہونے سے غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے۔ کمرشل فیسوں میں اضافے کے بعد گلبرگ مین بلیوارڈ پر کمرشل فیس فی مرلہ 22 لاکھ 58 ہزار روپے ہوگئی ہے، ایم ایم عالم روڈ پر ایل ڈی اے کی کمرشل فیس فی مرلہ 21 لاکھ 11 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے، جوہر ٹاؤن میں مرکزی شاہراہ پر کمرشل فیس 7 لاکھ 71 ہزار 764 روپے کر دی گئی ہے جبکہ گارڈن ٹاؤن اور اچھرہ کے علاقے میں کمرشل فیس فی مرلہ 8 لاکھ 5 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے۔ ایل ڈی اے کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ کے افسران کو نئی فیسوں کے مطابق چالان جاری کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔