دریائے راوی کی قریبی آبادیوں کیلئے طغیانی کا خطرہ تاحال موجودہ، انتظامیہ الرٹ
07-27-2023
(لاہور نیوز) دریائے راوی کی قریبی آبادیوں کے لئے دریا کی طغیانی کا خطرہ تاحال موجود ہے، مون سون کے جاری سپیل اور بھارت سے مزید پانی کی آمد کا خدشہ بھی برقرار ہے جس کے لئے متعلقہ محکموں نے الرٹ جاری کر رکھا ہے۔
دریائے راوی میں پانی کی صورتحال جوں کی توں ہے ، شاہدرہ کے مقام پر دریائے راوی میں پانی کا بہاؤ معمول سے زیادہ ہے، دو ہفتے قبل بھارت سے چھوڑے گئے پانی سے دریا کے پاٹ میں موجود فصلیں اور عارضی رہائشگاہیں زیر آب آئیں لیکن دریائے راوی کے کنارے سے باہر کی صورتحال قابو میں ہے۔ شاہدرہ کےمقام پر دریائے راوی میں 30 ہزار کیوسک فٹ سے زیادہ پانی گزر رہا ہے، پانی کی آمد کا سلسلہ بدستور جاری ہے، 30 جولائی تک مون سون کا سپیل جاری رہنے کا بھی امکان ہے جس سے دریا میں پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق تا حال شاہدرہ اور قریبی آبادیوں کو پانی سے کوئی خطرہ نہیں ہے، بھارت سے مزید پانی آنے کی صورت میں قریبی آبادیاں متاثر ہو سکتی ہیں، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو، پی ڈی ایم اے اور سول ڈیفنس کے اہلکار دریا کنارے حفاظتی اقدامات کے لئے موجود ہیں۔