لاہور ہائیکورٹ:پرویز الہٰی کو پیش نہ کرنے پر اعلیٰ افسران کی تنخواہیں روکنے کا حکم چیلنج

07-27-2023

(لاہور نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی کو پیش نہ کرنے پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب، آئی جی جیل خانہ جات اور ہوم سیکرٹری کی تنخواہ روکنے کا حکم لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں درخواست تینوں افسران کی جانب سے دائر کی گئی، درخواست میں سپیشل سینٹرل  کورٹ کے جج، پرویز الہٰی، ایف آئی اے اور لاہور کے ڈپٹی کمشنر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سپیشل سینٹرل کورٹ  کا حکم غیر قانونی ہے، پرویز الہٰی کی ضمانت کے بعد متعلقہ عدالت کا کام ٹرائل کرنا ہے، نظر بند شخص کی طلبی کا اختیار صرف ہائی کورٹ کو ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سپیشل سینٹرل کورٹ کے 21اور 26 جولائی کے احکامات کو کالعدم قرار دے۔ دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی۔ واضح رہے کہ لاہور کی سپیشل سینٹرل کورٹ  نے پی ٹی آئی کے صدر چودھری پرویز الہٰی کو پیش نہ کرنے پر افسران کی تنخواہیں روکنے کا حکم دیا تھا۔ تحریری حکم نامے میں عدالت نے تینوں افسران کو 50، 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا بھی حکم دیا تھا اور انہیں 5 اگست کیلئے اظہار وجوہ کا نوٹس بھی جاری کیا تھا۔