افسران کیلئے نئی گاڑیوں کے نوٹیفکیشن کیخلاف فریقین کو نوٹس جاری

07-27-2023

(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت کی طرف سے افسران کونئی گاڑیاں دینے کے نوٹیفکیشن کیخلاف دائردرخواست پر لاہورہائیکورٹ نے نگران حکومت پنجاب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

پنجاب حکومت کی افسران کونئی گاڑیاں دینے کے نوٹیفکیشن کے خلاف دائردرخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے نگران حکومت پنجاب سمیت دیگرکو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے درخواست کواسی نوعیت کی دوسری درخواست کے ساتھ یکجا کرکے لگانے کی ہدایت کردی۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پراعتراض کردیا۔ درخواست میں نگران پنجاب حکومت سمیت دیگرکوفریق بنایاگیا۔ درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ عوامی پیسہ عوام کی فلاح وبہبود پراستعمال کیا جائے، معیشت مستحکم ہونے کے بعد ایسی مراعات دی جائیں، نگران حکومت کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں وہ پبلک فنڈز کو استعمال نہیں کرسکتی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت افسران کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔