ٹیکس کی عدم ادائیگی: ایف بی آر نے پی آئی اے کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے
07-27-2023
(ویب ڈیسک ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے پر کئی ماہ کے ٹیکسز پر مبنی 2 ارب سے زائد کے واجبات ہیں۔ یاد رہے کہ عدم ادائیگی پر پی آئی اے کے 53 اکاؤنٹس گزشتہ برس بھی منجمد کئے گئے تھے، بعدازاں انتظامیہ کی جانب سے واجبات کی جلد ادائیگی کی یقین دہانی پر اکاؤنٹس بحال کئے گئے تھے۔ دوسری جانب پی ایس او نے قومی ایئرلائن کی 3 پروازوں کو فیول کی فراہمی سے بھی انکار کر دیا ہے۔ فیول نہ ملنے کے باعث اسلام آباد سے کراچی کی پرواز پی کے309، کراچی تا ملتان کی پی کے 330 اور ملتان سے جدہ کی پرواز پی کے739 متاثر ہوئی ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے ایف بی آر کی جانب سے بینک اکاؤنٹس منجمد کئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکاؤنٹس کی بحالی کیلئے ایف بی آر سے رابطے جاری ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹس کی بندش کے باوجود فضائی آپریشن جاری ہے۔