نگران سیٹ اپ پر اتحادیوں کی مشاورت سے فیصلہ ہو گا: گورنر پنجاب بلیغ الرحمان
07-26-2023
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ نگران سیٹ اپ پر اتحادیوں کی مشاورت سے فیصلہ ہوگا، نگران وزیراعظم کا نام سب کیلئے قابل قبول ہونا چاہیے۔
لاہور کے نجی کالج میں گورنر پنجاب نے ڈگری ود سکل سنٹر کا افتتاح کیا اورسنٹر کا دورہ بھی کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں گورنر بلیغ الرحمن نے کہا کہ حکومت کیلئے سب سے بڑاچیلنج ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانا تھا، شہباز شریف نے معاشی مشکلات کے باوجود نوجوان طبقے پر توجہ دی اور کاروبار کے لئے اربوں روپے کے قرضے دیئے، طلبہ میں چارسال کے بعد لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ نگران سیٹ اپ میں سیاسی لوگ نامزد ہوتے رہے ہیں تاہم نگران حکومت ایسی ہونی چاہیے جس پر سب کو اعتماد ہو، نگران وزیراعظم کا نام سب کیلئے قابل قبول ہونا چاہیے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ بہاولپور یورنیورسٹی کے واقعہ پرانکوائری کمیٹی جلد رپورٹ پیش کرے گی، مکمل تحقیقات کے بعد ہی حتمی بات سامنے آئے گی، بعض باتیں سوشل میڈیا پر بڑھا چڑھا کر پیش کی جا رہی ہیں۔