پی ٹی آئی دور کا ایک میگا کرپشن سکینڈل بے نقاب

07-26-2023

(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں مویشی منڈیوں کے نام پر ہونے والا ایک ارب روپے کا میگا کرپشن سکینڈل منظر عام پر آگیا۔

ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی دور میں لاہور میں لگائی گئی مویشیوں منڈیوں کے جعلی بل بناکر کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی،اینٹی کرپشن پنجاب نے ایم سی ایل کے افسران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ لاہور میں 2021 میں مویشی منڈیوں پر 52 کروڑ روپے خرچ کیے گئے، اور 2022 میں مویشی منڈیاں لگانے کا خرچہ 1 ارب 76 کروڑ ظاہر کیا گیا، ایم سی ایل ملازمین نے ٹھیکے داروں سے مل کر جعلی ریکارڈ بنائے، جعلی بل بنا کر کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق انکوائری کے بعد اینٹی کرپشن نے ایم سی ایل کے ملازمین ندیم طاہر، سدرہ ظفر، قیصرحنیف وغیرہ کے خلاف لاہور ریجن اے میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اینٹی کرپشن کی جانب سے درج مقدمہ میں ایم سی ایل کے کلرکس فیصل، یوسف سندھو اور محمد زبیر کو بھی نامزد کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ٹھیکے داروں ملک راشد ،ارشد، زوہیب، تنویر، شہباز اور ذیشان کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔