تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ کو انصاف کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں گے: سارہ احمد

07-26-2023

(لاہور نیوز) چیئرمین پرسن چائلد پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے جنرل ہسپتال کا دورہ کیا اور اسلام آباد میں تشدد کا شکار کمسن گھریلو ملازمہ رضوانہ کی عیادت کی۔

سارہ احمد نے تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ کے والدین سے ملاقات کی اور ڈاکٹروں سے بچی کی صحت بارے دریافت کیا، سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کوثر عباس بھی سارہ احمد کے ہمراہ تھے۔ چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے کہا کہ تشدد کا شکار کمسن گھریلو ملازمہ کا علاج معالجہ جاری ہے، چائلڈ پروٹیکشن بیورو بچی کے لواحقین سے رابطہ میں ہے، آئی جی پنجاب سے متاثرہ بچی کے لواحقین کو سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن نے اس کیس میں قانونی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے، بچی کے والدین نے ایس ایس ڈی او کی طرف سے فراہم کردہ وکالت نامہ پر دستخط کردیئے ہیں، تشدد کا شکار کمسن گھریلو ملازمہ کو انصاف کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بچی کی صحتیابی کے بعد بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رکھنے کی پیشکش کی ہے۔