کابینہ کمیٹی برائے صحت کی ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت
07-26-2023
(لاہور نیوز) سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس ہوا جس میں ڈینگی سرویلنس بہتر بنانے، ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کا عمل تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
کابینہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں نگران صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، جمال ناصر، منصور قادر اور چیف سیکرٹری پنجاب شریک ہوئے،،اجلاس میں ڈینگی، سموگ کی روک تھام، ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی بہتری کیلئے اقدام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو پورا سال جاری رکھنا ضروری ہے، شرح اموات کم سے کم رکھنے کیلئے ڈینگی مریضوں کی کلینیکل مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ چیف سیکرٹری زاہداخترزمان نے کہا کہ تمام اضلاع میں صحت اور تعلیم کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ڈپٹی کمشنرز کی ذمہ داری ہے، کام نہ کرنے والے افسر کو عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ چیف سیکرٹری نے سموگ کی روک تھام، سٹریٹ لائٹس کی سولرائزیشن، سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے سے متعلق ہدایات جاری کیں، انہوں نے شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کیلئے تمام منصوبوں کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرانے کا بھی حکم جاری کیا۔ سیکرٹری صحت علی جان نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ رواں سال ڈینگی کے 315 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، آٹھ ارب روپے کی لاگت سے ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں بہتری لائی جا رہی ہے، منصوبہ اسی برس دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اجلاس میں تمام محکموں کے سیکرٹریز اور محکمہ صحت کے حکام نے شرکت کی، تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔