پرویز الہٰی کی عدم پیشی پر عدالت برہم، آئی جی کی تنخواہ روکنے کا حکم

07-26-2023

(لاہور نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی عدم پیشی پر لاہور کی سپیشل سنٹرل کورٹ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سمیت تین اعلیٰ افسران کی تنخواہ روکنے کا حکم دے دیا۔

سپیشل سنٹرل کورٹ کے جج بخت فخر بہزاد نے آج بھی چودھری پرویز الہٰی کو عدالت کے روبرو پیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا، عدالت نے آئی جی پنجاب، آئی جی جیل خانہ جات اور ہوم سیکرٹری کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے تینوں افسران کی تنخواہ روکنے کے احکامات جاری کردیے۔ عدالت نے تینوں افسران کو پچاس پچاس ہزار روپے فی کس جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ، عدالت نے حکم دیا کہ پرویزالہٰی کو اب 5 اگست کو پیش کیا جائے۔