چیئرمین پی ٹی آئی کے اپنے ان کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن کے آرہے ہیں: فردوس عاشق اعوان

07-26-2023

(لاہور نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے اپنے لوگ ان کے خلاف اب وعدہ معاف گواہ بن کے سامنے آرہے ہیں۔

لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا شہدا کی یادگاروں کوجلانا سیاسی جماعتوں کا نہیں دہشت گرد تنظیموں کا کام ہے، محب وطن پاکستانی اب دیمک زدہ پارٹی کا حصہ نہیں بنیں گے، اسرائیل کو اپنے بغل بچے کے لیے بہت درد ہورہا ہے، نومئی کے بعد گالم گلوچ اورماردھاڑ کی سیاست ختم ہو گئی۔ ترجمان استحکام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ نومئی کے بعد پاکستان کو گرین سیاست کی ضرورت تھی،استحکام پاکستان پارٹی کا جنم نو مئی واقعات نے کیا ہے، گھٹن زدہ ماحول میں استحکام پارٹی تازہ ہوا کا جھونکا ہے، استحکام پاکستان پارٹی ملکی مسائل حل کرنےکی کنجی لیکرآئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی ومعاشی محاذ پر پاکستان کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں، استحکام پاکستان پارٹی کا منشور ملک کی بگڑی سیاسی و معاشی صحت کو بہتر کرنے کا نسخہ ہے، استحکام پاکستان پارٹی پاکستان کوسیاسی ومعاشی محاذ پرمستحکم بنائےگی، استحکام پاکستان پارٹی ایکو فرینڈلی  سیاست کو متعارف کروانے آئی ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا اقتدار میں آکر 300 یونٹ تک بجلی متوسط طبقے کو فری دیں گے، سیاست کا منظرنامہ اگست میں بدلے گا، 14 اگست سے باضابطہ طور پر سیاسی سفر بھرپور طریقےسے شروع کریں گے،14 اگست یوم آزادی کے ساتھ پارٹی کے جنم دن کے طور پر منایا جائے گا،14 اگست کو قومی اور پارٹی پرچم لہرانے کی مہم شروع کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہوں، استحکام پاکستان پارٹی کا انتخابی نشان شاہین چنا ہے جس کے لیے الیکشن کمیشن کو درخواست دے دی ہے۔