پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس فیسوں میں بھاری اضافے کی تیاری، سمری ارسال

07-26-2023

(لاہور نیوز) بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس کی فیس میں بھی حیران کن اضافے کی تیاری کر لی گئی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈرائیونگ لائسنس کی فیس میں اضافے کی سفارشات پر مبنی سمری حکومت کو ارسال کردی۔

سمری میں کہا گیا ہے کہ لرنر لائسنس کی فیس 60 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کی جائے، موٹرسائیکل کے لائسنس کی فیس 550 سے بڑھا کر 2 ہزار کی جائے، کار اور جیپ کی لائسنس فیس 950 سے بڑھا کر 4 ہزار کی جائے۔ سمری میں مزید کہا گیا کہ ایل ٹی وی کی فیس 950 سے 4 ہزار جبکہ ایچ ٹی وی کی فیس 450 سے 4 ہزار کی جائے۔ سمری میں انٹرنیشنل لائسنس کی فیس بھی 4 ہزار کرنے کی  تجویز دی گئی ہے، حکومت کی منظوری کے بعد پنجاب بھر میں نئی فیس کی وصولی کے ساتھ لائسنس جاری ہوں گے۔ خیال رہے ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں پر 2 ہزار تک جرمانے کیے جارہے ہیں، جبکہ ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل سواروں کو 5 ہزار روپے جرمانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔