شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش،لیسکو فیڈرز ٹرپ کر گئے
07-26-2023
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ہونیوالی بارش سے شہر کا موسم تو خوشگوار ہو گیا مگر ساتھ ہی لیسکو کے فیڈرز بھی جواب دے گئے۔
ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، قرطبہ چوک اور جیل روڈ پر جم کر بادل برسے، ریلوے سٹیشن، دھرم پورہ ، کینال کے اطراف میں بھی بارش سے موسم سہانا ہو گیا، سمن آباد، مغلپورہ، اچھرہ اور اطراف کے علاقوں میں بھی بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔ بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بارشی پانی جمع ہو گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ادھر بارش کے باعث لیسکو کے متعدد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے جس کے باعث کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے، لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد فیڈرز کو بحال کر دیا جائے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے 30 جولائی تک وقفے وقفے سے موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، مون سون بارشوں کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔