ایتھلیٹ صاحب اسرا کو ان کے رننگ شوز مل گئے

07-25-2023

(ویب ڈیسک) میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد ایتھلیٹ صاحب اسرا کو ان کے رننگ شوز مل گئے۔

اس حوالے سے ایتھلیٹ صاحب اسرا نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ خبر وائرل ہونے کے بعد پہلے کراچی کسٹمز سے فون آیا، آج مجھے فون آیا کہ شوز پر ٹیکس کا مسئلہ حل ہوگیا ہے جس کے بعد آج رات مجھے شوز موصول ہوگئے۔ ایتھلیٹ صاحب اسرا نے کہا کہ میڈیا سمیت جس جس نے میری مدد کی ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ قبل ازیں صاحب اسرا نے بتایا تھا کہ مجھے کسی نے مدد کرنے کے لیے تحفے کے طور پر جوتے بھیجے، جب میں کوریئر کمپنی گئی تو مجھ سے ٹیکس کی رقم کا تقاضا کیا گیا، تحفے میں آنے والے شوز پر اتنا زیادہ ٹیکس میرے لیے حیران کن تھا۔ صاحب اسرا کے لیے بھیجے گئے جوتوں کی مالیت 54 ہزار روپے کے لگ بھگ ہے تاہم جوتوں پر 67 ہزار کا ٹیکس عائد کر دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ صاحب اسرا ساؤتھ ایشین گیمز کی میڈلسٹ سپرنٹر ہیں۔