حکومت اور ڈیلرز کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کے مارجن پر مذاکرات کامیاب

07-25-2023

(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے، پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن میں اضافے کا مطالبہ مان لیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی دھمکی دی تھی تاہم ہفتے کے دن وفاقی وزیرمملکت مصدق ملک سے مذاکرات پر ہڑتال کو دو دنوں کے لیے ملتوی کیا گیا تھا۔ پٹرولیم ڈیلرز اور حکومت کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کے مارجن پر مذاکرات کامیاب ہونے پر دونوں فریقین کی منظوری کے بعد معاہدے کو تحریر کردیا گیا جس پر وزارت پٹرولیم ،اوگرا اور ڈیلرز دستخط کریں گے۔ وزارت پٹرولیم نے مارجن میں 1.64 روپے اضافے کی تجویز دی تھی جبکہ ڈیلرز کی جانب سے کئی گھنٹے انکار کے بعد حکومتی تجویز مان لی گئی۔ معاہدے کے مطابق مارجن میں ایک ساتھ اضافے کے بجائے ہر 15 دن میں 41 پیسے اضافہ ہوگا۔ مارجن دینے کا عمل یکم ستمبر 2023 سے شروع ہو کر 31 اکتوبر 2023 تک مکمل ہو گا، ہر پرائس چینج تاریخ پر 41 پیسے فی لیٹر ڈیلرزمارجن بڑھنے کا عمل جاری رہے گا۔ اس وقت ڈیلرز کا فی لیٹر مارجن 6 روپے ہے، ڈیلرز کا مارجن دو ماہ میں بڑھ کر 7 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہوجائے گا۔