سراج الحق کا سویڈن اور ڈنمارک کے سفیروں کو پاکستان سے نکالنے کا مطالبہ

07-24-2023

(ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قرآن پاک کی بیحرمتی کے واقعات پر سویڈن اور ڈنمارک کے سفیروں کو پاکستان سے نکالنے کا مطالبہ کردیا۔

ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یورپ میں ایک ماہ کے دوران قرآن کریم کی بے حرمتی کے تین واقعات ہوئے ہیں، اللہ کی آخری کتاب کو سرکاری سرپرستی میں جلایا گیا۔ سراج الحق نے کہا شعائر اسلام کی توہین کرکے مسلمانوں کی غیرت ایمانی کو چیلنج کیا جا رہا ہے، مغرب دنیا کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، مغرب بقائے باہمی کے فروغ کے لیے جنونیوں کے خلاف کارروائی کرے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت جاتے جاتے عوام پر ڈرون حملے کر رہی ہے، قوم الیکشن میں حکمران جماعتوں کا محاسبہ کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے غلاموں کی جانب سے عوام پر جرمانہ قبول نہیں، بجلی کے ٹیرف میں اضافہ واپس لیکر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔