ای سی سی اجلاس، 25 ادویات کی ریٹیل پرائس مقرر کرنے کی منظوری
07-24-2023
(لاہور نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 25 نئی ادویات کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل پرائس مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم یوتھ بزنس لون پروگرام کیلئے 10 ارب روپے کی تکنیکی گرانٹ منظور کی گئی، ای سی سی نے 25 نئی ادویات کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل پرائس مقرر کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ اجلاس میں ایس ڈی جیز پروگرام کیلئے 47 ارب 14 کروڑ روپے کی گرانٹ منظوری ہوئی، پاور ڈویژن کی ترقیاتی سکیموں کیلئے بھی 2 ارب 72 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی، پنجاب میں گیس سکیموں کیلئے 8 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے صوبوں اور علاقوں کو 24 لاکھ 88 ہزار میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کی بھی منظوری دی ہے، صوبوں کو پچاس فیصد گندم پاسکو اور باقی درآمدی سٹاک سے فراہم کی جائے گی، گندم وصول کرنے والے اداروں کو تمام چارجز مکمل ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ صوبائی حکومتوں کو پاسکو کے 149 ارب کے واجبات بھی ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ای سی سی نے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی رولز میں ترمیم کی بھی منظوری دے دی۔