جناح ہاؤس کیس، 22 پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع

07-24-2023

(لاہور نیوز) جناح ہاؤس حملہ کیس میں انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں، حماد اظہر ،فرخ حبیب اور مراد سعید سمیت 22 رہنماؤں کے خلاف اشتہاری کی کارروائی کا آغاز کردیا۔

لاہور کی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت کی جج عبہر گل نے 3 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا، عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں تفتیشی افسر کی جانب سے 22 رہنماؤں کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے تحریری فیصلہ میں لکھا کہ جناح ہاؤس حملہ کیس میں حماد اظہر،فرخ حبیب،اعظم خان سواتی، میاں سلم اقبال،کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا، علی امین گنڈا پور ،مراد سعید ،عندلیب عباس، زبیر نیازی، حسان نیازی  اور واثق قیوم عباسی کے خلاف بھی اشتہاری کی کارروائی ہو گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں عظمیٰ خان ،علیمہ خان  کے علاوہ احمد خان نیازی ،خالد گجر ،کرامت علی کھوکھر، غلام عباس،  حافظ فرحت عباس ،شفاقت سندھو، علی حسن، سعید احمد سندھو،اسد زمان اور امتیاز احمد شیخ  کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی گئی۔ عدالت نے فیصلے میں مزید لکھا کہ تعمیل کنندہ کے مطابق ملزمان روپوش ہیں اور وارنٹ گرفتاری موصول نہیں کر رہے، تمام ملزمان کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی  کارروائی کا آغاز کیا جاتا ہے۔ عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں تمام ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔