این ٹی ڈی سی اور فرنچ ادارے اے ایف ڈی کے درمیان فنڈز کی فراہمی کا معاہدہ طے

07-24-2023

(لاہور نیوز) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) اور فرانسیسی ترقیاتی ادارے (اے ایف ڈی) کے درمیان گرڈ سٹیشنز اور ٹرانسمیشن لائنز کی تعمیر کیلئے 180ملین یورو کی فراہمی کے لئے معاہدہ طے پا گیا۔

فرانسیسی ترقیاتی ادارے (اے ایف ڈی) اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) نے این ٹی ڈی سی کے منصوبوں کیلئے نرم شرائط پر 180 ملین یورو قرضہ فراہم کرنے کیلئے پراجیکٹ ایگریمنٹ پر دستخط کر دیئے۔ ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران ایم ڈی این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان اور اے ایف ڈی کے کنٹری ڈائریکٹر Philippe STEINMETZ نے پراجیکٹ ایگریمنٹ پر دستخط کئے۔ معاہدے کے مطابق این ٹی ڈی سی کو اس معاہدے کے تحت ملنے والے فنڈز سے پنجاب میں بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کے متعدد منصوبوں میں مدد ملے گی، یہ قرضہ این ٹی ڈی سی کو پنجاب کے بڑے شہروں میں قابل اعتماد ذرائع سے بجلی کی فراہمی میں مدد کرے گا۔ اس فنڈنگ سے پاکستان میں بجلی کی مؤثر ترسیل و تقسیم میں بھی مدد ملے گی، اس طرح کے فوائد سستی توانائی کی فراہمی کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔