کھیرے کے وہ حیرت انگیز فوائد جن سے شاید آپ ناواقف ہوں
07-24-2023
(ویب ڈیسک) کھیرا جسے عام طور پر ہم صرف سلاد کے طور پر استعمال کرتے ہیں، مگر اس کے چند ایسے فوائد ہیں جن سے شاید عام عوام واقف نہ ہو، پانی کی وافرمقدار، کم کیلوریزاورفائبر پرمشتمل کھیرا اپنے ان گنت فوائد سے بھرپور ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق جسم کی اضافی چربی اور صحت مند طرزِ زندگی نہ اپنانے کے باعث لاحق بیماریاں کھیرے کے ذریعے ہی دور کی جاسکتی ہیں، کھیرا بڑھے ہوئے وزن کو کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ اگر آپ کھیرے کو اپنی روزانہ کی غذا میں شامل کرلیں تو ناقابل یقین حد تک آپ کو اس کا فائدہ ہوسکتا ہے کیونکہ کھیرے میں پانی کی زیادہ مقدار ہائیڈریشن میں مدد کرتی ہے۔ مجموعی صحت کے لئے مناسب ہائیڈریشن بہت ضروری ہے اور کھیرے آپ کی روزانہ پانی کی کھپت کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ کھیرے میں پوٹاشیم اور میگنیشیم جیسے مرکبات ہوتے ہیں جو صحت مند بلڈ پریشر کی سطح برقرار رکھنے کے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں۔ یہ دل کی بیماریوں کے خطرے کو بھی کم کرتے ہیں۔ کھیرے میں وٹامن K کی موجودگی ہڈیوں کی ڈینسیٹی کو برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے اورساتھ ہی فریکچر کا خطرہ کم کرتی ہے، کھیرے میں گلائسیمک انڈیکس کم ہوتا ہے جس سے وہ ذیابیطس میں مبتلا افراد یا خون میں شوگر کی سطح کو مستحکم کرنے کے خواہاں افراد کے لئے موزوں ہوجاتے ہیں۔ کھیروں میں موجود وٹامنز دماغ اور بالوں کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں، ریبوفلاوین، بائیوٹین، اور وٹامن بی 5 اور 6 بالوں کی نشوونما کو بڑھاتے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ اس سبزی کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے گنجاپن اور عمر سے پہلے بالوں کی سفیدی سے بھی بچا جا سکتا ہے۔ کھیرے میں بیٹا کیروٹین، وٹامن سی، اور میگنیز سمیت بہت سے اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو خون میں موجود نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، طبی ماہرین کے مطابق یہ سبزی بلڈ شوگر کم کرنے والی دواؤں کی طرح کام کرتی ہے، جس کی وجہ سے بلڈ شوگر میں کمی آتی ہے۔ کھیروں میں مولیبڈینیم اور فلورائیڈ موجود ہوتے ہیں اور ان دونوں کا امتزاج دانتوں کی فرسودگی کی مرمت کرتا ہے، اس کے علاوہ کیلشیم کی موجودگی بھی دانتوں کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ کھیرے کا جوس بنا کر نہار منہ استعمال کرنے سے معدے کی تیزابیت جیسے امراض کی علامات میں کمی آتی ہے جب کہ اسے دن میں کسی بھی وقت سلاد کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، اس کو کسی بھی طریقے سے استعمال کرنے سے اس کی افادیت میں کمی نہیں آتی۔ ضروری نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔